السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبر کاتہ
جملہ ناظرین کا مانو لکھنو کیمپس میں پرخلوص استقبال اوردلی خیرمقدم ہے ۔
تیرے دریا میں طوفان کیوں نہیں ہے خودی تیری مسلماں کیوں نہیں ہے
عبث ہے شکوہ تقدیر یزداں تو خود تقدیر یزداں کیوں نہیں ہے
معززسرپرست حضرات وعزیزطلبا و طالبات ! مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ساتھ وابستگی پر بالعموم اور لکھنو کیمپس کے انتخاب پر بالخصوص دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
علم نور ہے اور جہالت تاریکی ہے۔یہ رب کی عطا کردہ نعمتوں میں سب سے عظیم نعمت ہے۔تمام شرافتوں کا سردار اور لازول نعمت ہے۔علم ذریعہ رشد وہدایت،آلہ ترقی اور باعث عز وشرف ہے۔دنیا میں وہی قومیں ترقی وعروج سے ہمکنار ہوتی ہیں جن کا علم سے گہرا رشتہ اورمضبوط تعلق ہوتا ہے۔دنیا میں جتنے بھی انقلابات آئے ،چاہے وہ عقیدہ واخلاق کاہو،فکری یا نظری ہو،تہذیبی وتمدنی ہو،اقتصادی ومعاشی ہواور سیاسی وسماجی ہو ان تمام انقلابات کے پس پردہ علم کا غیر معمولی کردار رہا ہے۔ تعلیم انسان کو ایک اچھا شہری بناتی ہے،اس کے حقوق وفرائض یا ددلاتی ہے،انسانیت کا پیغام پھیلاتی ہے اور سوچ وفکر میں وسعت پیدا کرتی ہے۔
بچنا ہے پتھروں سے تو پتھر تلاش کر دشمن سے نمٹنا ہے تو خنجر تلاش کر
مشکل کا تیرے حل ہے مگر جستجو ہے شرط اپنی کتاب اپنا پیمبر تلاش کر
مولانا آزاد رؒ نے کہا تھا:’’ہم اپنی قسمت کے آج معمار ہیں۔ آج ہم کو ہمارے گھر کو سنبھالنا ہےاور اس کے حصوں کو جو توجہ چاہتے ہیں درست رکھنا ہے ۔قومی نظام تعلیم قومی زندگی کے لئے ایک لازمی ضرورت ہے‘‘۔ ’’ ملک کی بھلائی طالب علموں کے ہاتھوں میں ہےاور طالب علم اپنا فرض اس قیمتی وقت میں ادا نہیں کریں گے تو ان کا ملک اپنی موجودہ حالت سے نجات نہیں پائیگا‘‘۔
علم کی جملہ اہمتیوں کے پیش نظرمولاناآزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اول دن سے پورے ملک میں علم کے فروغ کے سلسلے میں کوشاں ہے۔اس سلسلے کی ایک اہم کڑی لکھنؤ سٹیلائٹ کیمپس ہے۔اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ یہاں کے اساتذہ کی مخلصانہ جدوجہد کی وجہ سےچند ہی سالوں میں کیمپس کا شمار اس علاقے کے نمایاں تعلیمی وتدریسی مراکز میں ہونے لگا ہے۔
مجھے خوشی ہے کہ میرے ساتھ باصلاحیت اساتذہ کی ایک متحرک وفعال ٹیم ہے۔ جن کے اندر الحمد للہ قومی اور بین الاقوامی سطح پرطلباءکی رہنمائی کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے۔مجھے یقین ہے کہ انہی مخلص دوستوںکی محنت ،جدوجہد اورلگن سے مستقبل قریب میں کیمپس کا شمار صرف لکھنؤ ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے ممتاز کیمپسیز میں ہوگا۔
عزیز طلبا ! کیمپس کی یہ خصوصیت ہے کہ ہم فرسودہ طریقہ تدریس کے بجائے جدید سائنٹفک طریقہ تدریس پر نہ صرف یقین رکھتے ہیں بلکہ عملی طور پر اپناتے ہیں۔روایتی سطح سے بلند ہوکر پروفیشنل سطح پر طلبا کی تربیت پر دھیان دیتے ہیں۔اس کے کافی مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔کیمپس کے فارغین اچھی ملازمتوں میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ تعلیم نسواںپر ہمارا خصوصی تو جہ ہے۔لڑکیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں ایک محفوظ علمی ماحول فراہم کرنے کے لیے ہم کوشاں ہیں۔کیمپس کی فضا کو تعلیمی ،تحقیقی اور مقابلہ جاتی بنائے رکھنے میں ہم پابند عہد ہیں۔کیمپس کی تمام حصولیابیوں اور کاوشوں کومیں عالی جناب وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم پرویزصاحب کے نام معنون کرتا ہوں ،جن کی غیر معمولی دلچسپی اور رہنمائی کے بغیر کیمپس کی ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو تا۔
ڈاکٹر عبدالقدوس
اسوسی ایٹ پروفیسر و انچارج
موبائل : 9450760430
فون 0522-2330183 :
فیکس : 0522-2330183
|